حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تحریک اصلاح و وحدت لبنان کے سربراہ شیخ ماہر عبد الرزاق نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے ، اس مقدس مہینے میں دل کھول کر بخشش،صدقہ دینے اور غریب و نادار لوگوں کی خدمت اور مدد کرنے کی دعوت دی ہے۔
رمضان المبارک، دنیائے اسلام کے مابین وحدت و رواداری اور مصالحت کا مہینہ ہے
انہوں نے اشارہ کیا کہ دنیائے اسلام کیلئے ہمارا پیغام یہ ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ،امت اسلامیہ کے خلاف کئے جانے والے پروپیگنڈے اور سازشوں کے مقابلے میں،وحدت و رواداری اور مصالحت کا مہینہ ہے۔
شیخ عبدالرزاق نے اختلافات، نفرت اور فتنہ انگیزی دوری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا اور اختلافات کے حق کے لئے مذاکرات اور مل بیٹھنے پر زور دیا۔
صہیونیوں کے ساتھ تعلقات اور ڈیل، امت مسلمہ کے قلب میں زہر آلود چھرا گھونپنے کے مترادف ہے
تحریک اصلاح و وحدت لبنان کے سربراہ نے فلسطینی قوم کے ساتھ اپنی مزاحمت کا اعلان کیا اور مزاحمت و مقاومت کے سلسلے کو قدس اور تمام فلسطینیوں کی آزادی تک جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے، عرب اور اسلامی دنیا کو ملت فلسطین کی مدد کرنے اور ان کی سرزمین کی آزادی کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی دعوت دی۔
انہوں نے صہیونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والوں کو خائن اور امت اسلامیہ اور مقامات مقدسہ کے سر سخت دشمن جانا اور اس تعلقات کو امت مسلمہ کے قلب میں زہر آلود چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا۔
نئی لبنانی حکومت کے قیام میں تیزی لانے کی ضرورت ہے
شیخ عبدالرزاق نے لبنانی صدر میشل عون، پارلیمانی اسپیکر نبیہ بری اور وزیر اعظم سعد حریری سے بہت جلد نئی اور منصفانہ حکومت کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی اصلاح پسند حکومت کی تشکیل کی ضرورت ہے کہ جو ہماری لوٹی گئی دولت و ثروت کو واپس لائے،کرپشن کی روک تھام اور بیت المال کی حفاظت کرنے پر قدرت رکھتی ہو اگر ایسا نہیں ہوا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔